مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے باحجاب طالبات کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کے معاملے پر کرناٹک ہائی کورٹ کےعبوری فیصلے کےخلاف اپیل بھی فوری سماعت کیلئے مسترد کردی۔ بھارتی سپریم کورٹ کا کہناتھا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کی سماعت اور کرناٹک میں جو ہو رہا ہے اسے دیکھ رہے ہیں، وکلاء کرناٹک حجاب معاملے کو قومی سطح کا معاملہ نہ بنائیں، مناسب وقت پر معاملے میں مداخلت کریں گے۔
واضح رہے کہ حجاب معاملے پر کرناٹک ہائی کورٹ کے عبوری فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں آج اپیل دائر کی گئی تھی، کرناٹک ہائیکورٹ نے گزشتہ روز کیس کے فیصلے تک کالجز میں حجاب پہننے پرپابندی عائد کی ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کرناٹک ہائیکورٹ کا حجاب سے متعلق عبوری فیصلہ مسلم طالبات کےبنیادی حقوق سلب کرنےکی کوشش ہے۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ کرناٹک ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 19 اور 25کی خلاف ورزی ہے۔
آپ کا تبصرہ